لاہور(امت نیوز)مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کے ساتھ جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جلد ملاقات کا امکان ہے جبکہ تحریک انصاف سے جمعیت علماء اسلام(ف) کے اتحاد کا امکان معدوم ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ خاصا ناراض ہیں اس کی بڑی وجہ سندھ میں الیکشن کے معاملات پر تحفظات ہیں جس کے باعث جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملنے کے خواہشمند نہیں ہیں اور جمعیت علماء اسلام(ف) نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو مخالف حریف کے طور پر سخت ٹارگٹ کیا جائے گا اس حوالے سے سندھ کی قیادت کو بھی ذمہ داریاں سونپی جارہی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ(ن) اور جمعیت علماء اسلام(ف) کے درمیان بیک ڈور رابطے ہیں جن کے نتیجے میں مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف اور جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ کے درمیان جلد ملاقات متوقع ہے۔