کراچی (امت نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے جی ڈی اے کے دھرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تقریب پیر پگارا کے مریدوں کا مجمع ہے، اسے سیاسی اجتماع نہ سمجھا جائے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے حلقے میں پیپلزپارٹی کے بہت سے جیالے پیر صاحب کے مرید ہیں، سیاست میں مذہبی تعلقات کو شامل نہ کریں،جی ڈی اے ،جے یو آئی (ف) اور جماعت اسلامی کی عوام میں پذیرائی نہیں ہے، جے یو آئی والے بھی دھرنوں میں مدرسے کے طلبہ کو استعمال کرتے ہیں۔
شرجیل میمن نے مخالفین کو الیکشن کے میدان میں مقابلے کا چیلنج بھی دے دیا۔ان کا کہنا تھا کہ میں استعفیٰ دیتاہوں، الیکشن میں مقابلہ کرلیتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ذاتی طور پر پتہ ہے کہ تحریک عدم اعتماد پیپلزپارٹی کی حکمت عملی تھی، سوال کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن پرویز مشرف کے دور میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کیسے بنے؟