اسلام آباد(امت نیوز) وفاقی دارالحکومت میں پاکستان تحریک انصاف آج کے احتجاج کی اجازت کیلئے درخواست مسترد کردی گئی۔پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے آج ہونے والے احتجاج کی اجازت کے لیے ڈی سی اسلام آباد کو درخواست جمع کروائی گئی تھی۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے درخواست موصول ہونے کے بعد کہنا تھا کہ شہر میں دفعہ 144 کا نفاذ ہے، شہر اقتدار میں کسی بھی سیاسی جماعت اور تنظیم کو احتجاج یا ریلی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔
انتظامیہ نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ شہری کسی بھی سیاسی اجتماع کا حصہ بننے سے گریز کریں، ورنہ اسلام آباد پولیس احتجاجی سرگرمی میں شریک افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی۔ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے پولیس کو تاحال کوئی درخواست نہیں موصول ہوئی جبکہ پولیس نے ممکنہ احتجاج کے حوالے سے مزید نفری طلب کر لی ہے اور ریڈ زون کا دائرہ کار فیصل ایونیو تک ہو چکا ہے۔
پولیس نے خدشہ ظاہر کیا کہ (آج)ہفتہ کو عوام کو آمدورفت کے دوران دقت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جبکہ سڑک بند کرنے اور غیرقانونی اجتماع کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی اور خواتین، بزرگوں اور بچوں سے گزارش ہے کہ ایف نائن پارک کی طرف آنے سے گریز کریں۔وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی مکمل الرٹ رہے گی۔اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذالعمل ہے۔پر تشدد رویہ اختیار کرنے یا اکسانے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔