راولپنڈی : مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور قومی اسمبلی کے حلقے این اے 56 سے منتخب ہونے والے امیدوار حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت کمشنر راولپنڈی کا طبی معائنہ ہو رہا ہوگا، انہوں نے ریٹائرمنٹ سے پہلے ہیرو بننے کی کوشش کی ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی نے انتخابات سے متعلق گفتگو کی ہے اس پر ردعمل دینا ضروری ہے، انہوں نے جھوٹ پر مبنی گفتگو کی ہے، کمشنر راولپنڈی کا حالیہ انتخابات میں قانونی طور پر کوئی کردار نہیں، چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر دونوں پر الزامات لگادیے گئے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ میں کمشنر راولپنڈی کے پاس رات کو تھا، کمشنر راولپنڈی نے میری کامیابی کے نوٹیفکیشن پر ماشاءاللّٰہ لکھا، کل شام کمشنر آفس میں تھا انہوں نے ایک اجلاس میں شرکت کی دعوت دی، ان پر کسی قسم کا دباؤ نظر نہیں آیا، ملاقات میں مجھ سے کمشنر راولپنڈی نے ڈپریشن کی میڈیسن سے متعلق پوچھا تھا، میں نے کہا کہ میں ڈاکٹر نہیں آپ کسی ڈاکٹر سے معلوم کریں۔