لاہور(امت نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کی مجلس شوری نے 8 فروری 2024 کے انتخابات کے نتائج کو مسترد اورجعلی قرار دیتے ہوئے دھاندلی کے خلاف احتجاجی تحریک کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ 23 فروری کو پشاور میں احتجاج اور 25 فروری کو اسلام آباد میں سیو دی ڈیموکریسی کانفرنس کا انعقاد ہوگا، دنیا بھر میں الیکشن پہلے ہوتے ہیں اور حکومت بعد میں بنتی ہے لیکن پاکستان واحد ملک ہے جہاں حکومت پہلے بنتی ہے اور خاکے میں رنگ بھرنے کے لیے الیکشن بعد میں کروائے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں انتخابات کے بعد استحکام اور امن آتا ہے، پاکستان واحد ملک ہے جہاں انتخابات کے بعد فساد اور انتشار میں اضافہ ہوتا ہے، 2024 کے انتخابات 2018 کے انتخابات کا ہی تسلسل ہے الیکشن کے بعد پولارائزیشن میں مزید اضافہ ہوا جب تک انتخابی نتائج پر عوام کا اعتماد قائم نہیں ہوگا مسلط کی گئی حکومت جتنی بھی باصلاحیت ہوپولارائزیشن ختم نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ مارشل یا ایمرجنسی پلس مسائل کا حل نہیں ہے تمام جمہوری قوتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ ملک کو بحران سے نکالنے اور حقیقی جمہوری نظام لانے کے لیے مل کر جدوجہد کریں ۔دھاندلی کے خلاف تحریک آگے بڑھائیں گے کوشش ہے جو جماعتیں ملک میں شفاف انتخابات کی خواہ ہیں ایک پیج پرآ جائیں۔