اسلام آباد (اُمت نیوز) سپریم کورٹ میں 8 فروری 2024ء کے ہونے والے عام انتخابات کو کالعدم قرار دینے کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت جاری ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کر رہا ہے، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بنچ کا حصہ ہیں۔
سماعت کے آغاز پر درخواست گزار کی عدم پیشی پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کدھر ہیں؟
دوران سماعت درخواست گزار بریگیڈیئر (ر) علی خان کی جانب سے درخواست واپس لینے کی استدعا کی گئی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ایسے نہیں چلے گا، ہم کیس سنیں گے، سپریم کورٹ کے ساتھ مذاق نہیں ہو سکتا، درخواست گزار کو کہیں سے بھی لا کر پیش کریں، پہلے درخواست داٸر کرتے ہیں اور پھر غاٸب ہو جاتے ہیں، کیا یہ مذاق چل رہا ہے؟
چیف جسٹس نے درخواست گزار کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو نوٹس کی تعمیل کرانے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ بریگیڈیئر (ر) علی خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں الیکشن کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
دائر درخواست میں اپیل کی گئی ہے کہ پری پول دھاندلی، نتائج میں تاخیر کے بعد جمہوری اصولوں کو خطرہ لاحق ہے، سپریم کورٹ اپنی نگرانی میں 30 دن کے اندر نئے انتخابات کا حکم دے۔