جعلی بینک اکاؤنٹ کیس،زرداری،فریال کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

کراچی (اُمت نیوز) بینکنگ کورٹ کراچی نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔

بینکنگ کورٹ کراچی میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹ کیس کی سماعت ہوئی، دونوں عدالت پیش نہ ہوئے جبکہ انور مجید و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

سینئر وکیل فاروق ایچ نائیک کی جانب سے سابق صدر اور ان کی بہن فریال تالپور کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی۔

عدالت نے دونوں کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے 22 اپریل تک سماعت ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزموں پر جعلی بینک اکاونٹ کھول کر کروڑوں روپے کی غیر قانونی ٹرانزیکشن کرنے کا الزام ہے۔