اسلام آباد (اُمت نیوز) بلوچ طلباء کی عدم بازیابی کیس میں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔
گزشتہ ہفتے 13 فروری بروز منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں بلوچ طلباء کی عدم بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کی، دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ اٹارنی جنرل آج دستیاب نہیں سماعت ملتوی کی جائے جسے عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔
دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل نے موقف اپنایا کہ ہمیں اس کیس میں مزید وقت درکار ہے جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ یہ تو میری مہربانی ہے کہ میں دونوں ڈی جیز کو نہیں بلا رہا نگران وزیر اعظم 19 فروری بروز پیر کو صبح 10 بجے خود پیش ہوں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ جبری گمشدگیوں کی سزا سزائے موت ہونی چاہیے، جبری گمشدگیوں میں ملوث لوگوں کو دو بار سزائے موت ملنی چاہیے، عدالت نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت آج 19 فروری تک ملتوی کر دی تھی۔