بلوچ طلبا بازیابی،وزیر اعظم جواب نہیں دے سکتے توعہدے سے ہٹانا چاہیے، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(اُمت نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ بلوچ طلبا بازیابی کیس کے سلسلے میں وزیراعظم اور وزرا جواب نہیں دے سکتے تو انہیں عہدے سے ہٹانا چاہیے۔

بلوچ طلبا بازیابی کیس میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ عدالت کے طلب کرنے کے باجود دوسری بار بھی پیش نہیں ہوئے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس میں کہا کہ وزیر اعظم دوسری دفعہ نہیں آئے۔ نگراں وزیراعظم سے پوچھ لیں ۔ ان کو اس لیے بلایا تھا کیونکہ وہ جواب دہ ہیں۔ سیکرٹری دفاع ، سیکرٹری داخلہ ، ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ایم آئی سرکاری ملازم ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ یہ سب افسران جواب دہ ہیں کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔ اپنے ملک کے شہریوں کی بازیابی کے لیے 2 سال لگے۔ نگراں وزرا ، سیکرٹری دفاع ، سیکرٹری داخلہ کدھر ہیں ؟
اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ 12 لاپتہ طلبہ ابھی بازیاب نہیں ہوئے جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ میری معلومات کے مطابق 8 طلبا بازیاب نہیں ہوئے۔