پی ٹی آئی کارکن طیبہ راجہ کی درخواست ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری

لاہور: (اُمت نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی کارکن طیبہ راجہ کی درخواست ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شناخت پریڈ میں زیادہ تر گواہ درخواست گزار کو شناخت نہیں کر سکے، پراسیکیوشن نے درخواست گزار کے خلاف کوئی ثبوت اکٹھے نہیں کیے، پراسیکیوشن کے گواہوں کے مطابق درخواست گزار جناح ہاؤس کے اندر داخل نہیں ہوئی، درخواست گزار جناح ہاؤس کے باہر افشاں چوک پر کھڑی رہی۔

فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ سرکاری وکیل کے مطابق فرانزک رپورٹس، پی ایف ایس اے سمیت دیگر رپورٹس میں کوئی مواد موجود نہیں، ٹرائل کورٹ گواہوں کے بیانات کے بعد الزامات کی سچائی سے متعلق جائزہ لے گی، یہ معاملہ مزید انکوائری کا ہے۔

عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار جب سے گرفتار ہے اس وقت سے جیل میں ہے، عدالت درخواست گزار کی ضمانت دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرتی ہے۔