کراچی: سندھ میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ہو گئے جبکہ گزشتہ دنوں بلوچستان کے ضلع کوہلو سے بھی گیس کے ذخائر دریافت ہوئے تھے۔
آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سندھ میں تیل اور گیس کا ذخیرہ او جی ڈی سی ایل کمپنی نے دریافت کیا ہے۔ ضلع خیرپور میں کنویں سے 14.3 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس یومیہ حاصل ہوگی۔
او جی ڈی سی ایل کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ کنویں سے یومیہ 93 بیرل خام تیل بھی حاصل ہوگا۔ نئی دریافت سے ملکی تیل و گیس کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی ماڑی پیٹرولیم نے گیس کے نئے ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا تھا جو بلوچستان کے ضلع کوہلو سے دریافت ہوئے۔ابتدائی تخمینے کے مطابق یہاں سے یومیہ 64لاکھ مکعب فٹ تک گیس حاصل ہوگی۔