نریندر مودی کے دورہ سری نگر کیخلاف کشمیری آج یوم سیاہ منائیں گے

میرپور ( اُمت نیوز) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کیخلاف آج 20 فروری کو کشمیری یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔

بھارتی وزیر اعظم کے دورہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف احتجاج کیا جائے گا، آزاد کشمیر بھر میں نریندر مودی کی مقبوضہ وادی آمد پر احتجاج اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہڑتال ہوگی جبکہ میرپور آزاد کشمیر میں بھی ضلع کچہری سے چوک شہیداں تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور بھارتی وزیر اعظم کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا۔

احتجاجی مظاہروں کے دوران عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا اس کے علاوہ اقوام متحدہ سے قراردادوں پر عملدرآمد کی اپیل بھی کی جائے گی۔