سئیول(اُمت نیوز)جنوبی کوریا میں ہزاروں ڈاکٹرز نے نئے ڈاکٹرز کی بھرتیوں کے خلاف ہڑتال کردی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کے ہزاروں ڈاکٹرز سسٹم میں نئے ڈاکٹرز کی بھرتیوں کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ احتجاجی ڈاکٹرز کا مطالبہ ہے کہ نئے ڈاکٹرز بھرتی کرنے کے بجائے پہلے سے کام کرنے والے ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے اور بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔
حکومتی پالیسی کے خلاف احتجاجاً 6 ہزار سے زائد ڈاکٹرز نے استعفیٰ دے دیا۔ حکومت نے ہڑتال کرنے والے ڈاکٹرز کو فوری طور پر ملازمت پر آنے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکم نہ ماننے والے ڈاکٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا میں 90 فیصد اسپتال پرائیوٹ ہیں جن کا علاج مہنگا ہے۔ ملک میں مریضوں کے مقابلے میں ڈاکٹرز کی تعداد کم ہے اور ہرایک ہزار مریضوں کے لیے 2 ڈاکٹرز دستیاب ہیں۔ اس کے باوجود ڈاکٹرز نئی بھرتیوں کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔