نئی حکومت کی تشکیل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے،امریکا

امریکا(اُمت نیوز)امریکا نے کہا ہے کہ نئی حکومت کی تشکیل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، ہم پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے۔

پاکستان میں سیاسی جماعتوں کے درمیان حکومت سازی کے معاملے پر امریکا کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔

امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں نیوز کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ نئی حکومت کی تشکیل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، پاکستان کے اندرونی معاملات میں نہیں پڑنا چاہتے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں انتخابات میں مداخلت یا فراڈ کے دعوؤں کی مکمل اور شفاف تحقیقات ہونی چاہیئے، یہ تحقیقات پاکستان کے اپنے قوانین اور طریقہ کار کے مطابق ہونی چاہیئے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کے مطابق جب مداخلت کے کسی بھی دعوے یا الزام کی بات آتی ہے تو ہم اس کی مکمل تحقیقات دیکھنا چاہتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر پابندی کے سوال پر میتھیو ملر نے کہا کہ ہم دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی آزادی دیکھنا چاہتے ہیں۔