اسلام آباد (اُمت نیوز) سپریم کورٹ میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف کیس کی سماعت جاری ہے، درخواست گزار بریگیڈیئر علی خان پیش نہ ہوئے۔
سپریم کورٹ میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بنچ کررہاہے، عدالت میں درخواست گزار سابق بریگیڈیئر علی خان پیش نہ ہوئے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ علی خان کے گھر پولیس بھی گئی، وزارت دفاع کے ذریعے نوٹس بھی بھیجا، علی خان گھر نہیں ہیں، نوٹس ان کے گیٹ پر چسپاں کر دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل علی خان کون ہیں؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ سابق بریگیڈیئر ہیں جن کا 2012 میں کورٹ مارشل ہوا تھا۔
اس دوران پی ٹی آئی رہنما شوکت بسرا روسٹرم پر آگئے، تاہم عدالت نے شوکت بسرا کو بولنے کی اجازت نہ دی۔
چیف جسٹس نےکہا کہ آپ بیٹھ جائیں،ہمیں وکیلوں کو سننے دیں، جس پر شوکت بسرا نےکہاکہ میں بھی ہائیکورٹ کا وکیل ہوں، چیف جسٹس نے کہاکہ مبارک ہو آپ ہائیکورٹ کے وکیل ہیں، تشریف رکھیں ۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سپریم کورٹ کو درخواست گزار کو ای میل موصول ہوا ہے، درخواست گزار نے ای میل میں لکھا ہے کہ بیرون ملک ہونے کے وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا، درخواست گزار نے ای میل میں درخواست واپس لینے کی استدعا کی ہے۔
علی خان نے لکھا ہے کہ ای میل میں بورڈنگ پاس،ٹکٹ اور بحرین جانے کے تمام سفری دستاویزات لگائے گئے ہیں، دستاویزات کے مطابق درخواست گزار دوحہ سے کنکٹنگ فلائیٹ لیکر بحرین گیا۔