اسلام آباد ( اُمت نیوز) خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کیلئے گوشوارے جمع کروانے کی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے دی گئی مہلت ختم ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سنی اتحاد کونسل کی جانب سے کسی خاتون یا اقلیتی امیدوار نے گوشوارے جمع نہیں کرائے، الیکشن کمیشن نئی پارٹی پوزیشن کے بعد خواتین اور اقلیتوں کی نشستیں الاٹ کرے گا، گوشوارے جمع نہ کرانے پر نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق 13 سیاسی جماعتیں قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی دوڑ سے باہر ہو گئیں، سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے حصول کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے درخواست کا فائنل ڈرافٹ تیار کر لیا، آج تحریری درخواست جمع کرائی جائے گی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی کیلئے 86 آزاد اراکین کے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیئے گئے، پنجاب اسمبلی کیلئے 105 ارکان کے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے سرٹیفکیٹ جمع کرائے ہیں۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کیلئے بھی تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 85 آزاد ارکان کے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے سرٹیفکیٹ جمع ہوئے ہیں، علاوہ ازیں سندھ اسمبلی کیلئے 9 ارکان کے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے سرٹیفکیٹ جمع کرائے ہیں۔