لاہور (اُمت نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز نے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کے دوران امریکی قونصل جنرل کو پی ایس ایل 9 کا میچ دیکھنے کی دعوت دی جبکہ کرسٹن کے ہاکنز نے محسن نقوی کو کرکٹ بال کا تحفہ دیا۔
محسن نقوی نے 13 ماہ کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون اور کرکٹ بال کے تحفے پر امریکی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا جبکہ انہوں نے محسن نقوی کو چیئرمین پی سی بی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور پی ایس ایل 9 کے انعقاد کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو میں قونصلیٹ کے لئے اراضی آپ کا قابل تحسین اقدام ہے، آپ کی قیادت میں پنجاب کی ٹیم نے ڈلیور کیا ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے امریکی قونصل جنرل کو ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے خصوصی رپورٹ بھی پیش کی، کرسٹن ہاکنز نے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے پروگرام کو سراہا۔
کرسٹن ہاکنز نے مزید کہا کہ لاہور میں بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر کا دورہ کیا، بلاشبہ یہ آپ کا اچھا اقدام ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بتایا کہ پنجاب میں صرف 30 روز کے اندر 6 بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹرز فعال کئے، بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹرز پر 120 این او سیز کا اجراء صرف 15 دن میں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ انتہائی تیز رفتاری سے راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں سیف سٹی پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں، تینوں بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کی معاونت سے فعال کیے ہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ رواں برس امریکہ میں ہو رہا ہے، امید ہے پاکستانی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی، پاکستانی قوم کرکٹ اور کھیلوں سے محبت کرنے والی قوم ہے۔