اسلام آباد(اُمت نیوز)ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ بالائی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہا تاہم بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی ہے۔
سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں کاکول 8، پنجاب میں مری 4، کشمیر میں راولاکوٹ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، مری میں 0.5 انچ برفباری بھی ریکارڈ کی گئی۔
غذر میں برفباری سے بند شاہراہوں کو تاحال ٹریفک کے لیے بحال نہیں کیا جاسکا جس باعث عوام کو آمد و رفت کے سلسلے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 14، کالام منفی 13، استور منفی 9، سکردو منفی 6، گوپس منفی 5، مالم جبہ، بگروٹ، ہنزہ منفی 4، راولاکوٹ، چترال، دیر منفی 3، مری اور گلگت میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔