لاہور: پنجاب اسمبلی کا اجلاس وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوگیا جس میں ارکان اسمبلی نے حلف اٹھالیا، اسپیکر سبطین خان نے ارکان سے حلف لیا،اراکین نے ایک دوسرے کو مبارک بادیں دیں۔
قبل ازیں پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں 45 منٹ کا وقفہ کردیا گیا۔ نو منتخب اراکین حلف نہ اٹھا سکے۔
ن لیگی ارکان نے اسپیکر سے حلف لینے کی استدعا کی تاہم اسپیکر نے بغیرحلف لیے اجلاس میں وقفہ کردیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ اسلم اقبال کے پروڈکشن آرڈر جاری کررہا ہوں۔
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے ارکان کے ایوان میں آتے ہی نعرے بازی شروع ہوگئی۔ پی ٹی آئی ارکان نے عمران خان اور ن لیگی ارکان نے نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے۔ گھڑی چور اور ٹبر چور کے نعرے بھی لگائے گئے۔ پی ٹی آئی کے وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے نامزد امیدوار اسلم اقبال اسمبلی نہ پہنچ سکے۔ ن لیگ اور اتحادیوں کے 215 جبکہ سنی اتحاد کونسل کے 97 ارکان اجلاس میں شریک ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی صدارت اسپیکر سردار سبطین خان کر رہے ہین۔ اجلاس میں نومنتخب ارکان اسمبلی رکنیت کاحلف اٹھائیں گے۔ پنجاب اسمبلی کے سیشن میں اسپیکر ،ڈپٹی اسپیکر اوروزیراعلی کاانتخاب ہوگا۔
حکومتی ارکان کو اسپیکر کے دائیں جانب کی نشستیں الاٹ کی گئی ہیں جبکہ اپوزیشن ارکان اسمبلی کو اسپیکر کے بائیں جانب کی نشستیں الاٹ کی گئی ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کو دی گئی نشستیں ابھی تک خالی ہیں۔