کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مراد علی شاہ تیسری بار وزیراعلیٰ سندھ بنیں گے، اویس قادر شاہ اسپیکر اور نوید انتھونی ڈپٹی اسپیکرسندھ اسمبلی ہوں گے۔
پیپلز پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ہمیں نہ صرف کامیاب کرایا بلکہ ماضی سے بھی بہتر مینڈیٹ دیا، سندھ کے عوام کی ہم سے توقعات بڑھ گئی ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے لیے مراد علی شاہ، اسپیکرکے لیے اویس شاہ اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے نوید انتھونی کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2022ء کے سیلاب میں لوگوں کے گھروں کے ساتھ ساتھ پچاس فیصد تعلیمی ادارے تباہ ہوگئے انہیں دوبارہ بنائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سے وزارت مانگی نہ حکومت کا حصہ بنیں گے، کراچی سے کشمور تک پانی کا مسئلہ ہے، پانی کے مسئلے پر وفاق سے مدد مانگیں گے خود بھی کوشش کریں گے، پرامید ہوں کہ پانی کے مسئلے کا بھی حل نکال سکیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایم این ایز اور ایم پی ایز کا کام قانون سازی کرنا ہے، آپ کا کردار ایسا ہونا چاہیئے کہ میں فخر کر سکوں یہ میرے نمائندے ہیں، کرپشن کے معاملے پر آپ نے سختی سے کام لینا ہے، ایسا کام نہیں ہونا چاہیے کہ پارٹی اورمیرا نقصان ہو، ہمارے پاس جو وسائل ہیں یقینی بنانا ہے صحیح استعمال ہوں، آپس کی ٹانگ کھینچنے کا جو معاملہ ہے اس پر مجھے 6 ماہ دیں تاکہ وہ کام نہ ہو۔