نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی آج حلف اٹھائیں گے، جی ڈی اے کا احتجاج کا اعلان

 

سندھ(اُمت نیوز)سندھ اسمبلی کے نو منتخب ارکان آج حلف اٹھائیں گے، اجلاس کی صدارت اسپیکرآغا سراج درانی اکریں گے۔

اجلاس میں نئے اسپیکراو ڈپٹی اسپیکر کےانتخاب کیلئے شیڈول جاری ہوگا، اور اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔

قائد ایوان کے انتخاب کیلئے بھی شیڈول جاری کیا جائے گا۔

صوبائی اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے ارکان کی تعداد 114 ہے جبکہ مخصوص نشستیں ملنے کے بعد ایم کیوایم کے ارکان کی تعداد 36 ہوگئی ہے۔

سندھ اسمبلی میں جی ڈی اے کے 3 ، جماعت اسلامی کے 2 ارکان ہیں جب کہ خواتین کی 2 اور ایک اقلیتی نشست کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔

سنی اتحاد کونسل میں شامل 9 ارکان کا بھی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز پارٹی کے پارلیمانی اجلاس میں اعلان کیا تھا کہ اعلان کیا ہے کہ مراد علی شاہ تیسری بار وزیراعلیٰ سندھ بنیں گے، اس کے علاوہ اسپیکرسندھ اسمبلی کے امیدوار اویس شاہ اور اقلیتی رکن انتھونی نوید سندھ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکرکے امیدوار ہوں گے۔

ایم کیوایم نے سندھ اسمبلی میں ایڈووکیٹ صوفیہ شاہ کو اسپیکر اور ایڈووکیٹ راشد خان کو ڈپٹی اسپیکر کا امیدوار نامزد کیا ہے۔

سندھ اسمبلی اجلاس سے ایک روز قبل جمعہ کو سندھ میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس کراچی میں جی ڈی اے کے مرکز پر ہوا۔ اس بیٹھک میں جی ڈی اے کے علاوہ پی ٹی آئی، جماعت اسلامی ، جے یو آئی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں اسمبلی اجلاس میں حلف نہ اٹھانے اور ہفتے کو احتجاج کا اعلان کیا گیا۔

ایک بیان میں نگراں وزیر داخلہ سندھ حارث نواز نے کہا ہے کہ کراچی میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت سندھ اسمبلی پر کسی بھی قسم کے جلوس اور احتجاجی مظاہروں پر پابندی ہے۔

حارث نواز نے کہا کہ ہفتے کو سندھ اسمبلی اور اس کے اطراف سکیورٹی کے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی شرپسندی اور غیر قانونیت کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام میں عوام، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں۔