غزہ (اُمت نیوز ) اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، رات گئے دیر البلاح میں بے گھر فلسطینیوں کے گھروں پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 24فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق دیر البلاح میں بمباری سے کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ ہسپتال میں محدود سہولیات کےباعث اموات کی تعداد میں اضافےکاامکان ہے، 24گھنٹے میں104فلسطینی اسرائیلی دہشت گردی کا نشانہ بنے۔
دوسری جانب فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی کے نمائندے کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی مسلسل بمباری کے باعث وہ شمالی غزہ میں مزید امدادی سرگرمیاں فراہم نہیں کر سکتے۔
انہوں نے شہریوں پر اسرائیلی حملوں اور خوراک کی امداد تک رسائی پر پابندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری بھوک سے مر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 29 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اب تک 69 ہزار سے زائدافراد زخمی ہیں۔
اقوام متحدہ کےمطابق غزہ میں شہید ہونے والوں میں 90 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں جبکہ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے غزہ میں انسانی اور صحت کی صورتحال تباہ ہونے سے غزہ ڈیتھ زون بن گیا ہے۔
علاوہ ازیں اسرائیل نے مغربی کنارے میں مزید 3 ہزار گھر بنانے کا اعلان کردیا، غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے مغربی کنارے میں یہودی آبادکاری کے نئے متنازع منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
آبادکاری سے متعلق متنازع اسرائیلی منصوبے پر امریکا نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔