کراچی (اُمت نیوز)کراچی میں شاہراہ فیصل پر انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنان کی جانب سے احتجاج جاری ہے، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ شروع کردی۔
شاہراہ فیصل پر جے یو آئی (ف) کے احتجاجی کارکنوں پر پولیس نے دھاوا بول دیا۔
مظاہرین ریلی کی صورت میں پریس کلب کی جانب جا رہے تھے کہ نرسری کے مقام پر پولیس اور کارکنان آمنے سامنے ہوگئے، پولیس نے آگے جانے سے روکا جس پر کارکنان مشتعل ہو گئے، کارکنان نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔
مظاہرین کی جانب سے ریلی کی قیادت صوبائی امیر جے یو آئی راشد سومرو کررہے تھے، جے یو آئی کے کارکنوں نے نرسری کے مقام پر دھرنا دے دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے باعث کسی کو بھی جلسہ ، جلوس کی اجازت نہیں ہے۔
قبل ازیں دفعہ 144کے نفاذ کے باوجود سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کرنے پر پولیس نے قومی عوامی تحریک کے 10 کارکنان کو حراست میں لے لیا۔
سندھ اسمبلی کے باہر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، جماعت اسلامی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنان کا احتجاج جاری ہے، پولیس نے کارکنان کو حراست میں لینا شروع کر دیا جن میں خواتین کارکنان بھی شامل ہیں، جنہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔