جعلی الیکشن کے نتیجہ میں حکومت بنانے والے ہائی جیکرز ہیں، سراج الحق

 

کراچی (اُمت نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ جعلی الیکشن کے نتیجہ میں حکومت بنانے والے ہائی جیکرز ہیں، جو عمارت تعمیر کی گئی ہے چند مہینوں بعد دھڑام سے گر جائے گی، جعلی حکومت کی عمارت کا ملبہ اٹھانے والا بھی کوئی نہیں ہوگا۔

اپنے ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ ایک چور کے بعد دوسرے چور کو مسلط کیا جا رہا ہے، قوم سوال کرتی ہے کہ انہیں قطاروں میں کھڑے کرکے وقت کیوں ضائع کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کامیابیاں حاصل کرنے والوں کے چہروں پر مصنوعی مسکراہٹ ہے، حکمرانوں کی جیبوں میں امریکا و یورپ کے ویزے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ عوام کو یقین دلاتا ہوں یہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی آخری حکومت ہوگی۔