یو اے ای (اُمت نیوز)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شہر عجمان میں واقع ایک کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے سے نو پاکستانی شہری زخمی ہوگئے۔
عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستان کے ایک اعلیٰ سفارت کار نے اتوار کو بتایا کہ آگ ہفتے کی دیر رات اس فیکٹری میں لگی جس میں سینیٹائزر اور پرفیوم بنانے کے لیے استعمال ہونے والی کیمیائی مصنوعات تیار کی جاتی تھیں۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے عرب نیوز کو بتایا کہ، ’24 فروری کو عجمان، متحدہ عرب امارات میں سینیٹائزرز اور پرفیوم سے متعلق کیمیائی مصنوعات کی سہولت میں آگ لگنے کا افسوسناک حادثہ پیش آیا۔‘
اس افسوسناک واقعے میں نو پاکستانی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
پاکستانی سفارت خانے کے مطابق زخمی پاکستانی شہریوں کا تعلق جنوبی صوبہ سندھ کے شہید بینظیر آباد اور مشرقی صوبہ پنجاب کے ڈیرہ غازی خان سے ہے۔
متحدہ عرب امارات تقریباً 15 لاکھ پاکستانی تارکین وطن کا گھر ہے اور سعودی عرب کے بعد جنوبی ایشیائی ملک کو ترسیلات کا دوسرا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
ان پاکستانیوں میں زیادہ تر ہنر مند مزدور اور تکنیکی ماہرین شامل ہیں۔
فیصل ترمذی نے کہا کہ زخمی پاکستانیوں کو عجمان، ابوظہبی اور شارجہ کے ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ حادثے کا شکار ہونے والے ساتھی پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل حسین محمد نے کہا کہ وہ اماراتی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور زخمی پاکستانی شہریوں کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنا رہے ہیں۔
انہوں نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ہم زخمی پاکستانیوں اور پاکستان کے قونصلیٹ جنرل، دبئی کے ویلفیئر ونگ کے افسران کے لیے ہر ممکن مدد کو یقینی بنا رہے ہیں، واقعے کے فوری بعد ہسپتالوں کا دورہ کیا گیا اور متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔‘