لاہور (اُمت نیوز) پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا انتخاب آج ہو گا، مسلم لیگ (ن) کی طرف سے مریم نواز اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار رانا آفتاب مدمقابل ہیں، مریم نواز کو پنجاب اسمبلی میں واضح عددی برتری حاصل ہے جس کی وجہ ان کی وزیر اعلیٰ بننے کی پوزیشن واضح ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل پنجاب اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوا اور دونوں عہدے (ن) لیگ نے بھاری اکثریت سے حاصل کئے، اس طرح وزارت اعلیٰ کیلئے بھی مسلم لیگ (ن) کی مریم نواز مضبوط امیدوار ہیں جبکہ ان کے مدمقابل رانا آفتاب بھی جیت کیلئے پرعزم ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب آج صبح 11 بجے ہونے والے اسمبلی اجلاس میں ہو گا۔
اسمبلی ارکان ایوان میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے ووٹ کا حق استعمال کریں گے، انتخابی شیڈول کے مطابق دونوں امیدواروں نے گزشتہ روز کاغذات نامزدگی جمع کرائے، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے دونوں امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی، سکروٹنی کے بعد مریم نواز اور رانا آفتاب کے کاغذات قواعد وضوابط کے مطابق درست قرار دئیے گئے ہیں۔
جانچ پڑتال کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی مریم نواز کے سنی اتحاد کونسل کے رانا آفتاب ہی وزارت اعلیٰ کے انتخاب میں حصہ لیں گے، سنی اتحاد کونسل نے رانا آفتاب سے قبل میاں اسلم اقبال کو وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے امیدوار نامزد کیا تھا تاہم حلف نہ اٹھائے جانے پر ان کی جگہ رانا آفتاب کو وزیر اعلیٰ کا امیدوار بنایا گیا۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اگر آج خاتون وزیر اعلیٰ کی توہین کی گئی تو برداشت نہیں ہو گا، امید ہے آج کے اجلاس میں کوئی بدمزگی نہیں ہو گی اور مخالفین ن لیگ کے مینڈیٹ کو تسلیم کریں گے، کل حافظ فرحت پنجاب اسمبلی تشریف لائے تھے، انہوں نے بے ہودگی کا مظاہرہ کیا، یہ ہاؤس بنی گالا نہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے قبل مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا، اجلاس آج صبح نو بجے پنجاب اسمبلی میں ہو گا جس میں پیپلز پارٹی، (ق) لیگ، آئی پی پی کے ارکان کو بھی مدعو کیا ہے، ارکان اسمبلی کو اسمبلی لابی میں ناشتہ دیا جائے گا۔
انتخاب کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کی تقریب آج 2 بجے گورنر ہاؤس میں ہوگی، حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے لیگی اور اتحادی ارکان پنجاب اسمبلی کو دعوت نامے جاری کر دیئے گئے، ارکان اسمبلی کو الحمرا گیٹ سے گورنر ہاؤس میں داخل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔