لاہور(اُمت نیوز)پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے مسلم لیگ ن کی نامزد امیدوار مریم نواز نے لاہور واقعے میں پولیس افسر اے ایس پی شہربانو کی بروقت کارروائی و بہادری پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ اے ایس پی گلبرگ شہربانو نے بہادری،عقلمندی، فرض شناسی کا مثالی مظاہرہ کیا، اگر وہ بروقت نہ پہنچتیں تو حادثہ ہونے کا خطرہ تھا۔
انہوں نے شہربانو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر ہم سب کو فخر ہے۔ دباؤ، تعداد اور حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے آپ نے قانون، انسانیت کا سر اونچا کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے کہ پولیس فورس کا ہر فرد اسی جذبے سے عوام کے جان ومال کے تحفظ میں کردار ادا کرے گا۔
ادھر مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے بھی اپنے جاری کردہ بیان میں اے ایس پی شہربانو کو سراہا اور کہا کہ ویل ڈن اے ایس پی شہر بانو، مذہبی جنونیت سے معاشرے کو بچانا ہم سب کا فرض ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عربی خطاطی کا لباس قرآن پاک سے منسوب کر کے ہجوم کے ہاتھوں ایک جان ضائع ہونے سے بچ گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور کی اچھرہ مارکیٹ میں ایک خاتون کو عربی خطاطی کا لباس زیب تن کرنے کے باعث ہراساں کیا گیا، عربی خطاطی کو قرآن پاک سے منسوب کر کے خاتون پر توہین مذہب کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
تاہم اے ایس پی شہربانو موقع پر پہنچ کر خاتون کو بحفاظت اس ہجوم سے نکالنے میں کامیاب ہوگئیں۔