دوحہ: طالبان نے 84 سالہ آسٹریائی مغوی کو رہا کردیا ہے۔ ہربرٹ فرٹز کا تعلق انتہائی دائیں بازو کی قوم پرست تحریک سے ہے۔
آسٹریا کی حکومت نے ویانا سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہربرٹ فرٹز کو رہائی کے بعد قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچادیا گیا ہے۔
آسٹریا کی حکومت نے افغانستان کا سفر نہ کرنے کی ایڈوائزری جاری کی تھی تاہم اس ایڈوائزری کو نظر انداز کرکے ہربرٹ فرٹز نے افغانستان کا دورہ کیا جہاں انہیں گزشتہ برس گرفتار کرلیا گیا۔طالبان نے 2021 میں دوبارہ افغانستان کی باگ ڈور اپنے ہاتھوں میں لی تھی۔
قطر پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں ہربرٹ فرٹز نے کہا کہ مجھے افغانستان میں تھوڑی بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم میں پھر اِس سرزمین کا سفر کرنا چاہوں گا۔کچھ لوگوں نے بہت اچھا سلوک کیا تاہم یہ بتاتے ہوئے مجھے انتہائی دکھ محسوس ہو رہا ہے کہ وہاں کچھ احمق بھی تھے۔