بانی پی ٹی آئی کو اسمبلی میں بطور وزیر اعظم لائیں گے: عمر ایوب

 

اسلام آباد (اُمت نیوز) رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اسمبلی میں بطور وزیر اعظم لائیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت قرضے درست طریقے سے استعمال کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی، عالمی مالیاتی ادارے چاہتے ہیں کہ ان کے قرض کا درست استعمال ہو۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اسمبلی میں بطور وزیر اعظم لائیں گے، عوام کے مسائل کے خاتمے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے ارکان اسمبلی ہال میں اکٹھے آئیں گے، حلف بھی اٹھائیں گے اور احتجاج بھی کریں گے، بانی تحریک انصاف نے اجلاسوں میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان کا کہنا تھا کہ میں نے کہا تھا ہمارا لیڈر دوتہائی اکثریت سے آئے گا۔

میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 180 نشستیں جیت چکے تھے، فارم 47 میں ہمارے ساتھ دھاندلی ہوئی، ہم نے آئی ایم ایف کو نشاندہی کرائی ہے کہ الیکشن صاف شفاف ہوئے ہیں۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ ملک میں انصاف کا بول بالا ہو۔