کراچی: شہرِ قائد کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی اورموسلا دھار بارش ہوئی، سڑکیں تالاب بن گئیں،کورنگی روڈ، بلوچ کالونی سمیت دیگر کچھ علاقوں کی سڑکوں پر موٹر سائیکل سوار پھسل کرگرنے سے زخمی ہو گئے۔
کراچی کے علاقے گلشن حدید، قائد آباد، ناظم آباد، کورنگی صدر ، شاہراہ فیصل،کراچی ائرپورٹ، کلفٹن، گلشن معمار اور اطراف میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے سڑکیں زیر آب آ گئیں جبکہ حسب روایت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہو گئی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے ابھی تک کراچی میں ہونے والی بارش کے اعداد و شامر جاری کیے گئے ہیں جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی میں 7ملی میٹر ریکاڈ کی گئی ہے۔
کیماڑی 5، قائدآباد4، کورنگی 2، اورنگی میں 4.8 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔اسی طرح سعدی ٹاون 2، ڈی ایچ اے، جناح ٹرمینل اور اولڈ ایئرپورٹ پر 1۔1 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پی اے ایف مسرور بیس2.5 اور فیصل بیس میں 0.9 ملی میٹربارش ہوئی ہے۔
ادھر بنوں اور گرد و نواح میں آج دوسرے روز بھی بارش ہوئی ہے۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کے باعث موسم سرد ہو گیا، جڑواں شہروں میں بارش کا سلسلہ مزید 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
کوہاٹ شہر اور گرد و نواح میں بارش کے باعث موسم سرد ہو گیا ہے۔کوئٹہ اور گرد و نواح میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔