نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ، کیویز سکیورٹی وفد پاکستان پہنچ گیا

لاہور (اُمت نیوز) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان سے قبل کیویز بورڈ کا سکیورٹی وفد پاکستان پہنچ گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز میں سکیورٹی اور انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے دو رکنی سکیورٹی وفد پاکستان پہنچا، وفد میں نیوزی لینڈ پلیئرز ایسوسی ایشن کے ہیتھ ملز اور آزاد سکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کا وفد پہلے مرحلے میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں انتظامات کا جائزہ لے گا، وفد جڑواں شہروں میں ٹیم کے ہوٹل اور راولپنڈی سٹیڈیم کا بھی دورہ کرے گا۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے کیویز بورڈ کے وفد کو اعلیٰ سطح بریفنگ دی جائے گی، دوسرے مرحلے میں کیویز وفد لاہور میں انتظامات کا جائزہ لے گا۔

شیڈول کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی، کیویز اپنے اس دورے کے دوران پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز پاکستان کے خلاف کھیلے گی، تین میچز راولپنڈی اور دو لاہور میں کرانے کی تجویز کی گئی ہے۔