اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی ہے، امید ہے حکومت 5 سال پورے کرے گی، مہنگائی اور غربت کو کم کرکے عوام کو ریلیف دیں گے
اسلام آباد میں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں شفاف انتخابات ہوئے، سروے کے مطابق خیبرپختونخوا میں بدترین دھاندلی ہوئی، اس وقت کسی بھی جماعت کے لیے حکومت پھولوں کی سیج نہیں ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جانے کی بجائے جمہوریت کی طرف لے جائیں، حکومت کو معاشی چیلینجز سمیت دیگرمسائل کا سامنا ہے، عوام کے مسائل مل کرحل کرنے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کو وزیراعظم کے لیے 200 ووٹ پڑیں گے، 16 ماہ کی حکومت کا ڈنکے کی چوٹ پر دفاع کرتا ہوں، ہمارے پاس 200 کے قریب ممبرا ہیں، شہباز شریف کا کامیاب ہونا پاکستان کی کامیابی ہوگی۔
ن لیگ کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ کی طرف جارہا تھا ہم سب نے مل کر بچایا، سب کو قوم کی خدمت کرنی ہوگی، ایک جماعت کہتی ہیں، میں نہ مانوں، ایک پارٹی ہے جو سیم ایجنڈے پر کام کررہی ہے۔