فیصل آباد (اُمت نیوز) ضلعی پولیس نے پتنگ بازوں کیخلاف کارروائیوں کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ڈور پھرنے سے 13 شہری زخمی ہوئے، پتنگ پکڑنے کی کوشش میں رکشے سے ٹکرا کر بچہ جاں بحق ہوا، پتنگ سازوں اور اڑانے والوں کے خلاف 1600 مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق 160 پتنگ بازوں کے خلاف ہوائی فائرنگ کے مقدمات درج کر کے گرفتار کیا گیا، پولیس نے تقریباً 80 ہزار پتنگیں اور 4 ہزار ڈوریاں ضبط کیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹے میں پتنگ بازوں اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف مزید 895 مقدمات درج کئے گئے، غیر قانونی بسنت پر ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرکے 60 ہتھیار برآمد کیے گئے۔
فیصل آباد پولیس کے مطابق پتنگ بازی سے متعلق ملزمان کی گرفتاری کے لئے ڈرونز کیمروں کا استعمال کیا گیا۔