چیئرمین سینیٹ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

لاہور(اُمت نیوز)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کے لیے درخواست مقامی شہری مشکور حسین نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی۔

درخواست میں صادق سنجرانی اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ صادق سنجرانی نے بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑا، انہوں نے الیکشن جیتا، الیکشن کمیشن نے کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، صادق سنجرانی بیک وقت 2 سیٹیں نہیں رکھ سکتے، وہ غیر قانونی طور پر چئیرمین سینیٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن صادق سنجرانی کی بطور سینیٹر نشست خالی قرار دینے کا حکم دے، لاہور ہائیکورٹ صادق سنجرانی کو بطور چیرمین سینیٹ کام کرنے سے بھی روکے۔