لاہور ہائیکورٹ، عورت مارچ رکوانے کیلئے دائر درخواست خارج

لاہور(اُمت نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے عورت مارچ رکوانے کے لیے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری اعظم بٹ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے عورت مارچ رکوانے کے لیے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔

یکم مارچ کو عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

درخواست میں ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا، جس میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ عورت مارچ کے کارڈز اور بینرز اسلامی معاشرے کے لیے کسی صورت قابل قبول نہیں، خدشہ ہے کہ ایک اور عورت مارچ سے نقصِ امن کا ویسا ہی خطرہ پیدا ہوگا جیسا ماضی میں ہوتا رہا ہے۔

درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ اگر کسی کو بنیادی حقوق نہیں مل رہے تو وہ عدالت سے رجوع کرسکتا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ ریاست کو عورت مارچ کی غیر اخلاقی تشہیر روکنے کا حکم دے ۔