نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

 

اسلام آباد(اُمت نیوز)نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

ایوان صدر میں منعقد ہونیوالی تقریب حلف برداری میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نومنتخب وزیراعظم سے عہدے کا حلف لیا ، سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑبھی اس موقع پر موجود تھے ۔

تینوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی ایوان صدر میں موجود تھے جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور دیگر سروسز چیفس بھی وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئے۔

علاوہ ازیں سابق صدر و شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو بھی تقریبِ حلف برداری میں شریک ہوئے۔

حلف برداری کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں مسلح افواج کا چاق وچوبند دستہ وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کرے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد شہباز شریف اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے تھے۔

انتخابی عمل میں شہباز شریف نے 201 جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے تھے۔