اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں کے معاملے پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں، اسے مخصوص نشستیں نہیں مل سکتیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے بروقت ترجیحی فہرستیں جمع نہیں کروائی گئیں۔
الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے دیگر جماعتوں کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں میں ان کی سیٹوں کے تناسب سے تقسیم کی جائیں گی، اسمبلیوں کی مخصوص نشستیں خالی نہیں رکھی جا سکتیں۔
سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینے کا فیصلہ متفقہ طور پرسنایا گیا تاہم مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں کو دینے کے فیصلے سے ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اختلاف کیا۔