گوادر:وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر کے بارش متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی مدد کرنے آیا ہوں، بارشوں سے ہونے والی تباہی سے بحالی اور مدد میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ گوادر کے موقع پر کہنا تھا کہ 26 فروری کو طوفانِ بارش نے گوادر سمیت بلوچستان کے دیگر حصوں میں تباہی مچائی۔ صوبے میں بارشوں کے باعث حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔ پہلی فرصت میں گوادر حاضر ہوا ہوں، امداد متاثرین پر احسان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے گھر ڈوب گئے، اس صورت حال میں اسلام آباد کیسے بیٹھ سکتے ہیں۔ مرنے والوں کے لواحقین کو20لاکھ روپے دیں گے، جن کے گھر مکمل تباہ ہوئے ان کو 7 لاکھ 50 ہزار اورجس کا گھر جزوی تباہ ہوا اس کو ساڑھے 3 لاکھ کا چیک دیں گے۔
قبل ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف دورے پر بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر پہنچ گئے۔انہوں نے دوران پرواز چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے گوادر اور جنوبی بلوچستان میں حالیہ طوفانی بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی کاروائیوں پر بریفنگ لی.
وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا متاثرین کی مدد میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، متاثرین کیلئے جامع پروگرام مرتب کرکے پیش کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے گھر ڈوب گئے ہم اسلام آباد میں کیسے بیٹھ سکتے ہیں، پہلی فرصت میں گوادر حاضر ہوا ہوں، جدید ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ کے ذریعے آفات کی پیشگوئی کیلئے نظام واضع کیا جائے۔
مقامی انتظامیہ کے افسروں نے دورے کے دوران وزیر اعظم کوبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ طوفانی بارشوں سے جیونی سمیت دیگر علاقوں سے نقصان پہنچا، انٹر نیٹ سروس متاثر ہونے سے اسکولوں میں امتحان ملتوی کیے گئے۔
بریفنگ کے دوران شہباز شریف کو بتایا گیا کہ گوادرمیں 3100 ،جیونی میں 2500گھرمتاثرہوئے، 95 گھرمکمل طورپرتباہ ہوئے، 200سے زائد مویشی ہلاک ہوئے۔
انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ355 لوگوں کو سرکاری رہائش گاہوں میں رکھا گیا، 800 افراد کو ریسکیو کرکے ان کے رشتہ داروں کے گھر منتقل کیا گیااور اب بھی ریسکیو آپریشن جارہے جبکہ آرمی کے 2 اور نیوی کے میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم میاں شہبازشریف نے متاثرین میں امدادی چیکس بھی تقسیم کئے۔
وزیر اعظم میاں شہبازشریف نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں 26فروری کو طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا، گوادر اوربلوچستان کے دوسرے حصوں میں طوفانی بارش نے تباہی مچائی، اللہ کا شکر ہے گوادر میں کوئی شخص جاں بحق نہیں ہوا۔
میاں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پورے بلوچستان میں 5لوگ بارشوں سے جاں بحق ہوئے،اللہ ان کی مغفرت فرمائے، دل کی گہرائیوں کو سرفراز بگٹی کو شاباش اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سرفرازبگٹی نے حلف اٹھاتے ساتھ ہی یہاں کا رخ کیا۔
انہوں نے کہا کہ امداد دینا آپ کے اوپر ہمارا کوئی احسان نہیں،یہ نومنتخب حکومت کا فرض ہے، ہم آپ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیلئے یہاں موجود ہیں، آپ کے نقصانات کی ضابطے اور قانون کے مطابق ادائیگی کی جائے گی، پاک فوج،نیوی ، کوسٹ گارڈ کے افسران اور اہلکاروں اورپی ڈی ایم سندھ کا بھی شکر گزار ہوں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سندھ کا بھی شکر گزار ہوں، متعلقہ اداروں نے یہاں پانی کے اخراج کیلئے سامان پہنچایا،سب کا شکرگزار ہوں، حکومت بلوچستان نے یہاں میڈیکل سینٹر قائم کیے،ادویات مہیا کیں، اللہ سب کو ان کاموں کا اجر دے گا۔