لاہور(اُمت نیوز)مسلم لیگ ن کی ترجیحی فہرست ختم ہوگئی، الیکشن کمیشن نے پنجاب سے قومی اسمبلی کے لیے 9 خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے اضافی نام مانگ لیے۔
قومی اسمبلی کے لیے پنجاب سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ ن سے ترجیحاتی فہرست طلب کر لی گئی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی پنجاب سے ترجیحاتی فہرست مکمل پُر ہو چکی ہے، ن لیگ خواتین کی 9 خالی نشستوں کے لیے ترجیحاتی فہرست دے۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب سے قومی اسمبلی کی خواتین کی نشستوں کے لیے شیڈول جاری کر دیا اور کہا کہ مسلم لیگ ن کے امیدوار آج سے 9 مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کرائیں۔
مسلم لیگ ن کی خواتین امیدواروں کی اسکروٹنی 12 مارچ کو ہو گی، کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 14 مارچ تک دائر کی جاسکتی ہیں اور ٹربیونلز اپیلیں 16 مارچ تک نمٹائیں گے، کاغذات نامزدگی 19 مارچ تک واپس لیے جاسکیں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 20 مارچ کو امیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں کر دی جائے گی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی سے خواتین کی مخصوص نشستوں کی فہرست جاری کر دی۔
مسلم لیگ ن کو 19 نشستیں جبکہ پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی کو ایک ایک نشست الاٹ کی گئی ہے۔
ادھر الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں اقلیتی مخصوص نشستیں بھی الاٹ کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی کو ایک ایک نشست الاٹ کی گئی ہے۔
پیپلز پارٹی کے بیاری لال، ن لیگ کے سریش کمار اور جے یو آئی کے عسکر پرویز کا نوٹیفیکشن جاری کیا گیا۔