غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے 150 دن مکمل،مزید 21 فلسطینی شہید

غزہ ( اُمت نیوز ) غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے 150 دن مکمل ہوگئے ، صیہونی دہشت گردی سےغزہ کھنڈر میں تبدیل ہوچکا ہے۔

اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں مزید 21 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ، صیہونی فورسز کی رفح میں گھروں پر بمباری کے نتیجے میں 17 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ نصیرات پناہ گزین کیمپ میں حملے میں 2 فلسطینی جام شہادت نوش کر گئے۔

اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں بھی 2 فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید کردیا، مغربی کنارے میں اسرائیل نے بھاری مشینری سے سڑکیں اور گھر تباہ کردیے جبکہ مزید 55 افراد کو گرفتار کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے ایک ہفتے میں تیسرا حملہ کردیا، کویتی چوک پر فائرنگ سے متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔

اقوامِ متحدہ کے امدادی ادارے برائے فلسطینی انروا کے سربراہ نے جنرل اسمبلی میں اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں صرف 150 دن میں 30 ہزار سے زائد فلسطینی مارے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ پر انسانوں کا مسلط کردہ قحط منڈلا رہا ہے، چند ماہ کے بچے پانی کی کمی اور بھوک سے مر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہدا کی مجموعی تعداد 30 ہزار 631 ہو گئی، 72 ہزار سے زائد زخمی ہو چکےہیں۔