لندن (اُمت نیوز) برطانوی کرکٹ لیگ "دی ہنڈرڈ” کے چوتھے ایڈیشن کیلئے 20 مارچ کو ہونے والے پلیئرز ڈرافٹ میں 65 پاکستانی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کی گئی ہے۔
دی ہنڈرڈ میں رجسٹر ہونے والے پاکستانی کھلاڑیوں میں 60 مینز اور 5 ویمن کھلاڑی شامل ہیں جبکہ صرف دو پاکستانی کھلاڑیوں کو ان کی ٹیموں نے سکواڈ میں برقرار رکھا ہے۔
مانچسٹر اوریجنل کی ٹیم نے پاکستانی آل راؤنڈر اسامہ میر کو اور ویلش فائر نے حارث رؤف کو ری ٹین کیا، ڈرافٹ میں حسن علی اور نسیم شاہ کی ریزرو پرائس ایک لاکھ پاؤنڈز مقرر کی گئی ہے جبکہ حسن اور نسیم ڈرافٹ کیلئے رجسٹر پاکستان کے مہنگے ترین پلیئرز ہیں۔
دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں شاداب خان اور افتخار احمد کی ریزرو پرائس 75 ہزار پاؤنڈ، محمد عامر، صائم ایوب، عامر جمال اور عبداللہ شفیق کی بیس پرائس 60 ہزار جبکہ فخر زمان، محمد حارث اور عماد وسیم کی ڈرافٹ میں ریزرو پرائس 50 ہزار پاؤنڈ ہے۔
پاکستانی کھلاڑی میر حمزہ، محمد حسنین اور اعظم خان 40 ہزار پاؤنڈز کی ریزرو پرائس کے ساتھ رجسٹر ہوئے ہیں جبکہ مینز ہنڈرڈ کیلئے رجسٹر دیگر 46 پاکستانی پلیئرز بغیر ریزرو پرائس کے شامل ہیں۔
بغیر ریزرو پرائس کے رجسٹر پلیئرز میں سلمان علی آغا، ابرار احمد، عمر اکمل اور آصف علی شامل ہیں جبکہ حیدر علی، عمر امین، فہیم اشرف اور شاہنواز دھانی کے نام بھی بغیر ریزرو پرائس رجسٹرڈ لسٹ میں شامل کیے گئے ہیں۔
زمان خان، شان مسعود، محمد نواز، رومان رئیس، سعود شکیل، حنین شاہ اور وسیم جونیئر کے نام بھی بغیر ریزرو پرائس کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
خواتین میں ارم جاوید، ندا ڈار اور فاطمہ ثنا 17 ہزار 500 پاؤنڈ کی ریزرو پرائس کے ساتھ رجسٹر ہوئیں جبکہ عالیہ ریاض اور جویریہ رؤف بغیر ریزرو پرائس کے ڈرافٹ میں شامل ہیں۔