کراچی(اُمت نیوز)روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ شروع کرنے کے سلسلے میں سعودی عرب کا 12 رکنی وفد کراچی ائیرپورٹ پہنچ گیا۔
وفاقی سیکریٹری مذہبی امور اور ڈائریکٹرحج کراچی نے کراچی ائیرپورٹ پر سعودی وفد کا استقبال کیا۔ سعودی حکام کراچی ائیرپورٹ کو روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کرنے کا جائزہ لیں گے۔ حج کے دوران پاکستانی حجاج کو کراچی ائیرپورٹ پر امیگریشن سہولیات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
سعودی حکام آج وزارت مذہبی امور، امیگریشن، سول ایوی ایشن، اے ایس ایف اور کسٹمز سمیت دیگر محکموں کے حکام کے ساتھ کراچی ایرپورٹ کا مشترکہ سروے کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سعودی حکام کی رپورٹ پر رواں سال کراچی ائیرپورٹ کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا جائے گا۔روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت حج کے دوران حجاج کی امیگریشن جدہ ائیرپورٹ کے بجائے کراچی ائیرپورٹ پر ہو گی۔ اس وقت صرف اسلام آباد ایرپورٹ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل ہے۔
کراچی اور لاہور ائیرپورٹس کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔