زیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا ٹرائل کورٹ کا حکم کالعدم قراردیدیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے علی امین گنڈاپور کی نظرثانی درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار وکیل ظہور الحسن، پراسیکیوٹر محمد سلمان سیشن عدالت میں پیش ہوئے،وکیل درخواست گزار نے کہاکہ سرکاری مصروفیات کے باعث علی امین گنڈاپور پیش نہیں ہو سکتے، استثنیٰ دیا جائے۔علی امین گنڈا کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت نے منظور کرلی۔
وکیل درخواست گزار نے کہاکہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے مسلسل عدم پیشی پرعلی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دیا تھا،پراسس سرور نے نوٹسز تعمیل نہیں کرائے اورعلی امین گنڈاپور کو موصول نہ ہو سکے،علی امین گنڈاپور کیخلاف تھانہ بھارہ کہو میں اسلحہ، شراب برآمدگی کا کیس درج ہے۔
عدالت نے کہاکہ درخواست گزار50روپے کے مچلکے جمع کروائیں اور ایک مقامی ضامن دیں،سیشن عدالت نے کیس واپس ٹرائل کورٹ کو بھجواتے ہوئے سماعت 14مارچ تک ملتوی کردی۔