راولپنڈی: تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہم عدالتی احکامات ہمراہ لئے عمران خان سے ملاقات کیلیے آئے مگر سپرٹنڈنٹ جیل نے ملاقات نہیں کرنے دی۔
ڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمرایوب کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی کہاں ہے؟ ہم عدالتی احکامات کے تحت عمران خان سے ملنے آئے مگر سپرٹنڈنٹ جیل نے انہیں رد کر دیا، جس ملک میں قانون کی بالادستی نہ ہو وہ ملک چل نہیں سکتا۔
عمر ایوب کے ہمراہ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہم بھرپور تحریک چلائیں گے، حکمران پارٹیاں ہمیں کہتی ہیں مفاہمت کریں مگر کیسی مفاہمت، ہم گرینڈ الائنس بنانے کی طرف جا رہے ہیں، پورے ملک کی سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کریں گے، حکومتی ہتھکنڈوں سے ہم مایوس ہونے والے نہیں، یہ ان کی غلط فہمی ہے۔