اسلام آباد(اُمت نیوز)تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی ذاتی معالج ڈاکٹر ثمینہ نیازی نے اڈیالہ جیل میں اُن کے دانتوں کا معائنہ کرلیا۔
عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے معائنے کے وقت سرکاری ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دانتوں کا معائنہ عدالتی احکامات کی روشنی میں کیا گیا، مجموعی طور پر عمران خان کی صحت ٹھیک ہے۔
وکیل خالد یوسف چوہدری نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے صحت سے متعلق بات کرنے کا اختیار علیمہ خان کو دیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا تھا کہ ذاتی معالج معائنے کی رپورٹ علیمہ خان کو پیش کریں گی، بانی پی ٹی آئی کوجیل سےاسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ بھی اُن کی بہن کریں گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج جیل سپرنٹنڈنٹ نے بڑی عزت کے ساتھ جیل میں جانے دیا، ابتدائی چیک اپ ہوا، تفصیلی مؤقف علیمہ خان دیں گی۔