پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے نو منتخب صدر آصف زرداری کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے ملک میں دوبارہ الیکشن کروانے کا مطالبہ کردیا۔
پشاور کے کبوتر چوک میں جلسہ گاہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آج پشاور میں بڑا جلسہ ہوگا، پورے پاکستان میں ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا ہے جس کے خلاف آج 2 بجے پرامن احتجاج ہوگا، عدلیہ کو مینڈیٹ چوری کے خلاف ایکشن لینا چاہیئے۔
علی امین گنڈا پور نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے فوری استعفیٰ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے مزید کا کہنا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینا آئین سے کھلواڑ کے مترداف بات ہے، الیکشن کمیشن 90 دنوں میں الیکشن کروانے میں ناکام ہوا، آئین کی خلاف ورزیوں کی لمبی فہرست ہے، آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہو، ہم آئین کا تحفظ کریں گے، اگر ہمیں حق نہ ملاتو اسے کون تسلیم کرے گا، پشاور 13 حلقوں پر پی ٹٰی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار جیت چکے ہیں، ان حلقوں میں ہزاروں جعلی ووٹ ڈالے گئے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے نو منتخب صدر آصف زرداری کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری کو صدر ماںتا ہوں نہ ان کی حلف برداری میں جاؤں گا تاہم ان کے کرسی سنبھالنے کے بعد انہیں صدر ماننا ہی پڑے گا، آصف زرداری فارم 45 والےنہیں، 47 والے صدر ہیں۔