جسٹس نعیم اختر افغان نے بطور سپریم کورٹ جج حلف اٹھا لیا

 

اسلام آباد(اُمت نیوز)جسٹس نعیم اختر افغان نے بطور سپریم کورٹ جج حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔

جسٹس نعیم اخترافغان کی تقریب حلف برداری سپریم کورٹ اسلام آباد میں ہوئی جس میں سپریم کورٹ ججز، وکلاء، بارکونسل نمائندگان اور دیگرنے شرکت کی۔

حالیہ ریٹائرڈ ہونے والے جج جسٹس سردارطارق مسعود نے بھی خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب حلف برداری کا آغازتلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس نعیم اخترافغان سے عہدے کا حلف لیا۔

جسٹس نعیم اختر افغان کے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 14 ہوگئی تاہم عدالت عظمی میں اب بھی 3 آسامیاں خالی ہیں۔

جسٹس نعیم اختر افغان بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ وزارت قانون و انصاف نے گزشتہ ہفتے بذریعہ نوٹیفیکیشن جسٹس نعیم اختر افغان کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کیا تھا۔

علاوہ ازیں، وزارت قانون و انصاف نے جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ کو قائم مقام چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جبکہ جسٹس ملک شہزاد احمد کو لاہور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس تعینات کیا تھا۔