اسلام آباد(اُمت نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نےاپنی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو کو ملک کی ’خاتونِ اول‘ کادرجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر زرداری آصفہ بھٹو کو پاکستان کی خاتون اول قرار دیں گے۔ اور اس حوالے سے باضابطہ طور پر اعلان کیا جائے گا۔
سرکاری اعلان کے بعد آصفہ بھٹو زرداری کو خاتون اول کے مطابق پروٹوکول اور مراعات دی جائیں گی۔ وہ پہلی خاتون اول ہوں گی جو صدر کی صاحبزادی ہوں گی کیونکہ عموماً یہ عہدہ اہلیہ کو تفویض کیا جاتا ہے تاہم صدر کی اہلیہ اور سابق وزیراعظم محترمہ بیمظیر بھٹو حیات نہیں ہیں۔
اس لیے آصفہ بھٹو خاتون اول کا عہدہ سنبھالنے والی کسی صدر کی پہلی صاحبزادی ہوں گی۔
واضح رہے کہ آصفہ نے عام انتخابات میں چیئرمین پیپلز پارٹی اور اپنے بھائی بلاول بھٹو زرداری کا بھرپورساتھ دیاہے۔
آصفہ بھٹو کی پیدائش 3 فروری 1993 کو ہوئی اور وہ آصف زرداری کے تینوں بچوں میں سب سے چھوٹی ہیں۔
گزشتہ روز ایوان صدر میں آصف علی زرداری کی تقریب حلف برداری کے وقت بھی آصفہ والد کے ہمراہ موجود تھیں۔