فائل فوٹو
فائل فوٹو

مسائل پیدا نہ کریں ،ایک گھنٹے کا وقت ہے، جج کے ریمارکس

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9مئی واقعات پر 6کیسز، بشریٰ بی بی کے خلاف جعلی رسیدوں کے کیس میں جج نے پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ عدالت کیلیے مسائل پیدا نہ کریں ، جیل سپرنٹنڈنٹ سے رابطہ کرکے بتائیں،ایک گھنٹے کا وقت ہے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی حاضری سے متعلق آگاہ کریں۔

نجی ٹی وی کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9مئی واقعات پر 6کیسز، بشریٰ بی بی کے خلاف جعلی رسیدوں کے کیس کی سماعت ہوئی،ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کی ضمانت درخواستوں پر سماعت کی،بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر اور خالد یوسف عدالت میں پیش ہوئے۔

جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ عدالتی عملہ حاضری کیلئے گیا ہوا ہے، ابھی تک رابطہ نہیں ہو پارہا، پراسیکیوٹر نے عدالتی عملے کے ذریعے بانی پی ٹی آئی ، بشریٰ بی بی کی حاضری  پر اعتراض  کرتے ہوئے کہاکہ سکیورٹی مسائل کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی کو عدالت پیش نہیں کیا جاسکتا۔

وکیل سلمان صفدر نے کہاکہ یہی سکیورٹی مسائل کو پہلے پراسیکیوشن مانتی نہیں تھی،وکیل نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی جب تک گرفتار نہیں ہوئے تھے عدالتوں میں خود پیش ہوتے تھے،اب بانی پی ٹی آئی کو عدالت کے سامنے پیش کرنا انتظامیہ کی ذمے داری ہے۔

وکیل سلمان صفدر نے کہاکہ لاہور ہائیکورٹ نے بھی ویڈیو لنک پر حاضری کا کہا تھا، دوبارہ ہائیکورٹ جانے پر مجبور کیا جارہا ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ بھی حیران ہو گی کہ ابتک ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ کیوں نہیں ہوا،عدالتی عملے کے ذریعے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی حاضری میں کوئی دقت نہیں،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو توہین عدالت کا نوٹس بنتا ہے،جیل کا انٹرنیٹ ٹھیک ہی نہیں ہو رہا کہ ویڈیو لنک پر حاضری لگ سکے،جج نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ ہم سے بھی پوچھ سکتی کہ اب تک ضمانت کے کیسوں کا کیا ہوا؟

وکیل سلمان صفدر نے کہاکہ سارا بوجھ اس وقت پراسیکیوشن کے کندھوں پر ہے،جج نے کہاکہ شہباز گل عدالت نہیں آ سکتے تھے تو عدالتی عملے نے ایمبولینس میں جا کر حاضری لگائی،وکیل سلمان صفدر نے کہاکہ پراسیکیوشن کو جیل سپرنٹنڈنٹ کا نمبر بھی دینے کو تیار ہیں،پراسیکیوشن بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں کو لٹکانے کی کوشش کررہی ہے۔

جج نے پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ عدالت کیلئے مسائل پیدا نہ کریں ، جیل سپرنٹنڈنٹ سے رابطہ کرکے بتائیں،ایک گھنٹے کا وقت ہے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی حاضری سے متعلق آگاہ کریں،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت میں وقفہ کردیا گیا۔