وزیر اعظم شہباز شریف نے سندھ کے خدشات پر چیئرمین ارسا کی تعیناتی کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔وزیر آبپاشی سندھ جام خان شورو کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر آبپاشی نے بتایا کہ وزیراعظم نے چیئرمین ارسا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ ظفر محمود کی بطور چیئرمین ارسا تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے گا۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ نے موقف اپنایا کہ سی سی آئی میں طے ہو چکا کہ چیئرمین کی تعیناتی روٹیشن بنیاد پرصوبوں کے ممبر سے ہوگی جس پر وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ اور محکمہ آبپاشی سندھ کے موقف کو مان لیا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نہ صرف تعیناتی بلکہ جس شخص کو تعینات کیا گیا اس پر بھی اعتراض ہے، ارسا کا مقصد ہی یہ تھا کہ اس میں وفاق کا کوئی اثر انداز نہ ہو، نگران حکومت نے آرڈیننس سے ترمیم کردی کہ وفاق کا ایک نمائندہ ارسا کا ممبر ہوگا۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے چیئرمین کی تعیناتی مسترد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔